Part-4

زہریلے جانور کے کاٹے کا علاج

.1 حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں:۔ ہماری موجودگی میں نبی کریم ﷺنماز ادا فرما رہے تھے کہ جونہی آپ ﷺنے سجدہ کیا ایک بچھو نے آپ ﷺکی انگلی میں ڈنگ مارا۔ آپ ﷺنماز سے فارغ ہوئے تو فرمایا کہ “اللہ بچھو پر لعنت کرے جو نہ نبی کو اور نہ غیر نبی کو چھوڑتا ہے۔ پھر آپؐ نے پانی سے بھرا ہوا ایک برتن طلب فرمایا جس میں نمک ملایا ہوا تھا۔ آپ ﷺاس ڈنگ زدہ جگہ کو نمک آمیز پانی میں مسلسل ڈبوتے رہے اور معوذ تین (سورۃ الفلق اور سورۃ الناس)پڑھ کر اس پر دم کرتے رہے یہاں تک کہ بالکل سکون ہوگیا”(ترمذی، بیہقی)
نوٹ:۔ یہی علاج ہر زہریلے جانور کے کاٹنے کا بھی ہے۔
اطباء کا کہنا ہے کہ نمک بہت سے زہروں کیلئے علاج ہے خاص طورپر بچھو کے ڈنگ مارنے میں یہ تریاق کا کام دیتا ہے۔ بو علی سینا نے لکھا ہے کہ بچھو کے ڈنگ میں نمک اور السی کا لیپ بہت مفید ہے۔ نمک کے استعمال سے زہر کھینچ جاتا ہے۔
.2 ایک آدمی رسول اکرم ﷺکے پاس آیا اور کہا کہ اے اللہ کے رسول ﷺمجھے کل شام ایک بچھو نے ڈنگ مار دیا۔ آپ ﷺنے فرمایا کہ “اے کاش! تو نے یہ کلمات شام کو کہہ لیے ہوتے تو تمہیں کوئی تکلیف نہ ہوتی”:۔
اَعُوْذُ بِکَلِمَاتِ اللّٰہِ التَّامَّاتِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ
“میں اللہ تعالیٰ کے کلمات تامہ کے ذریعہ مخلوق کے شر سے پناہ مانگتا ہوں” (مفہوم حدیث بخاری، مسلم)
نوٹ:۔ اس دعا کو روزانہ صبح اور شام پڑھنے سے کوئی چیز نقصان نہیں پہنچاتی۔ بِاِذْنِ اللہ تعالیٰ۔

Scroll to Top