شرف شمس
یہ مضمون راہنمائے عملیات ماہ اپریل2022کے شمارے سے لیا گیا ہے۔
ایک زود اثر اور یقینی عمل
علم نجوم میں سورج یعنی شمس تخلیق‘ اقتدار‘ حکومت‘ بادشاہت‘ عزت‘ وقار‘ طاقت‘ شہرت‘ قوت‘ جاہ و جلال اور لیڈر شپ سے منسوب ہے۔ ہر سال جب یہ آسمان پر حرکت کرتے ہوئے برج حمل کے 19 ویں درجے پر پہنچتا ہے تو طاقت ور اور سعد ترین حالت میں ہوتا ہے۔ اس سعد اور طاقت ور وقت کے دوران معاشرے میں عزت و وقار حاصل کرنے‘ بلند مرتبہ‘ عظمت‘ شہرت‘ کامیابی‘ ترقی‘ کاروبار‘ الیکشن میں کامیابی‘ اعلی عہدہ و حکومت ‘ دشمنوں پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے خصوصی نقش یا لوح تیار کی جاتی ہے۔ ذیل میں تحریر کردہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے آپ بھی اس سعد وقت میں اپنی کامیابی کے لیے نقش و لوح تیار کر سکتے ہیں یا اس مقصد کے لئے ادارے سے رجوع کر سکتے ہیں۔
طریقہ عمل
مندرجہ بالا مقاصد کے حوالے سے خصوصی اسماء الہی کے اعداد شمسی جو کہ 5454بنتے ہیں۔ ان میں سائل کے نام اور اس کی والدہ کے نام کے اعداد ابجد شمسی سے حاصل کر کے جمع کریں۔ کل اعداد میں سے تیس عدد تفریق کر دیں اور باقی کو چار سے تقسیم کریں۔ جو حاصل قسمت ہو اس کو چال کے مطابق خانہ اول میں تحریر کریں اور اسی کے مطابق تمام نقش مکمل کریں۔ چار سے تقسیم کرنے سے کچھ بچ جائے تو اس طرح عمل کریں۔ باقی قسمت ایک ہو تو خانہ تیرہ میں دو ہو تو خانہ نو میں‘ تین ہو تو خانہ پانچ میں‘ ایک عدد کا اضافہ کر دیں۔
ضروری ہدایات
1۔نقش کے ماتھے پر بسم اللہ الرحمن الرحیم تحریر کریں۔
2۔چاروں کونوں میں یا اللہ تحریر کریں۔
3۔چاروںاضلاع کے گردچاروںمقرب فرشتوںجبرائیل‘ عزائیل‘ میکائیل او ر اسرافیل کے نام لکھیں۔
4۔اضلاع کے ساتھ اطراف میں اللہ تعالی کے درج ذیل نام تحریر کریں۔
یا اللہ یا رافع یا واسع یا نافع یا عزیز یا فتاح
5۔نقش کے چاروں اضلاع بسم اللہ سے مکمل کریں۔
6۔نقش کے اردگرد موکل استخراج کر کے لکھیں۔
7۔نقش کو بہ مرتبہ چال مکمل کریں۔
نقش شرف شمس کی مناسبت سے ساعت شمس میں تحریر کریں۔ میرا مشورہ ہے کہ اس کو سونے پر کندہ کروالیں تو زیادہ بہتر ہے۔ تاہم اگر ایسا ممکن نہ ہو تو پھر چاندی پر یا بحالت مجبوری کاغذ پر بھی تحریر کر سکتے ہیں۔ قوی اثرات بالترتیب سونے‘ چاندی اور کاغذ سے حاصل ہوں گے۔ آپ اس کو بصورت لاکٹ ‘ انگوٹھی‘ ہار یا جیب میں رکھ کر استعمال کر سکتے ہیں۔ قبل استعمال شمس کی مناسبت سے صدقہ دیں۔
ساعت عمل:
شرف شمس کے حوالے سے جو بھی عمل تیار کریں کوشش کریں کہ ساعت شمس میں اور دن کے اوقات میں ہو۔ شرف شمس کا عمل رات کی بجائے دن کے وقت زیادہ موثر ہوتا ہے۔