برج سرطان
Part-2
کون کون سے برج والے آپ کے لیے اچھے شریک حیات یا جیون ساتھی ہوں گے ؟
سرطان خواتین کی ازدواجی زندگی کس برج کے افراد کے ساتھ کامیاب رہتی ہے اور کس برج کے افراد اس کے لیے ناموزوں ہیں۔ اس بارے میں ایک مختصر جائزہ پیش خدمت ہے۔
سرطان عورت اور سرطان مرد
سرطان مرد اور عورت کی رفاقت کامیاب رہتی ہے۔ بے شمار ایسی دلچسپیاں ہوتی ہیں جن میں وہ مل جل کر حصہ لیتے ہیں۔ دونوں نازک خیالات کے مالک اور جذباتی ہوتے ہیں۔
غیر معمولی حساسیت اُن کے لیے مشکل کا باعث بن سکتی ہے۔ مگر یہ مشکل عارضی ہوتی ہے۔ دونوں لذیذ اور عمدہ کھانے پسند کرتے ہیں۔
دونوں زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت دولت کو دیتے ہیں۔ شادی کے بعد بھی یہ اپنے بینک اکاؤنٹ الگ رکھتے ہیں، اور اپنی بچائی ہوئی رقم ایک دوسرے کی نظروں سے پوشیدہ رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ اگر یہ ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور رازداری سے کام نہ لیں تو ان کی رفاقت انتہائی خوش گوار رہتی ہے۔
سرطان عورت گھریلو ماحول اور جذباتی تحفظ کے لیے ازدواجی زندگی کو ہر قیمت پر عزیز رکھتی ہے اور سرطان مرد کبھی ہر جائی پن نہیں کرتے۔
دونوں خلوت کے اچھے ساتھی ثابت ہوتے ہیں۔ چاندنی راتیں ان کے رومانی جذبات میں ہلچل مچادیتی ہیں۔
سرطان عورت اور اسد مرد
یہ آگ اور پانی کا میل ہے۔ برج سرطان کا مزاج پانی اور برج اسد کا اگ کی تاثیر رکھتا ہے۔ جب یہ دونوں ایک دوسرے کی محبت کے اسیر ہوتے ہیں تو انہیں درج ذیل صورتوں میں سے کسی ایک کا سامنا کرنا پڑتا ہے:۔
۱۔ چند برس کے رفاقت کے بعد اسد مرد، سرطان عورت کو اپنے شاہانہ مزاج کے سامنے سرجھکانے پر مجبور کر دیتا ہے۔ یہ بات سرطان عورت کے مزاج میں اُلجھن کا باعث بنتی ہے اور وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ ’’موڈی‘‘ ہو جاتی ہے۔
۲۔ سرطان عورت اپنے مسلسل روپے اور حسنِ اخلاق سے اسد مرد کی خود اعتمادی کو متزلزل کر کے اس سے اپنی برتری تسلیم کرالیتی ہے جس کے نتیجے میں اسد مرد افسردہ اور خاموش رہنا شروع کر دیتا ہے۔
۳۔ رفاقت کے چند برس بعد دونوں ایک دوسرے کے مزاج کو بخوبی سمجھ جاتے ہیں اور باہمی اختلافات ختم کر کے ذہنی ہم آہنگی پیدا کر لیتے ہیں دُکھ سُکھ کے صحیح معنوں میں سچے ساتھی بن جاتے ہیں اور خوش و خرم رہنے لگتے ہیں۔
اس تیسری صورت کو عملی جامہ پہنانا آسان نہیں ہوتا بلکہ جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے۔ اسد مرد بھی سرطان عورت کی طرح چیزوں کو شدت سے محسوس کرنے کاعادی ہوتا ہے۔ اگر یہ دونوں ایک دوسرے کے مزاج کو سمجھتے ہوئے اپنی اپنی برتری تسلیم کرانے سے باز رہیں تو اچھا جوڑا ثابت ہوتے ہیں۔
سرطان عورت اور عقرب مرد
یہ پارٹنر شپ کامیاب رہتی ہے۔ عقرب مرد، سرطان عورت کی حساس طبیعت کو سمجھتا ہے۔ وہ پرکشش ہوتا ہے بھر پور طریقے سے محبت کرتا اور وفادار رہتا ہے۔ وہ سرطان عورت کے جذبات کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ چلنا سیکھ جاتا ہے اور اُسے سکون فراہم کرنے کی بھر پور کوشش کرتا ہے۔
سرطان عورت بھی اس کا مزاج جلد سمجھ جاتی ہے۔ نکتہ چینی نہیں کرتی، بلکہ اپنی شکایت کو مناسب انداز سے پیش کرتی ہیں۔
عقرب مرد سخت محنت کرتا ہے اور سرطان عورت کو عدمِ تحفظ کا احساس نہیں ہونے دیتا۔ خلوت میں مرد اُس کا بہترین ساتھی ثابت ہوتا ہے۔
سرطان عورت اور حوت مرد
اِن کی ازدواجی زندگی عموماً خوشگوار بسر ہوتی ہے۔ حوت مرد جذباتی عورت پسند کرتے ہیں اور سرطان عورت ان کی اس پسند پر پورا اترتی ہے دونوں ہمدرد اور کمزوروں سے محبت کرنے والے ہوتے ہیں۔ حوت مرد محبت اور شفقت چاہتے ہیں اور سرطان عورت کا نرم انداز کا رویہ اُنہیں اپنائیت کا احساس دلائے گا۔
دوسرے برجوں کے افراد کے ساتھ
سنبلہ مرد اور سرطان کی رفاقت اس صورت میں پائیدار ہو سکتی ہے۔ کہ دونوں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کریں اور افہام و تفہیم کا راستہ اپنائیں۔ جوزا حمل، دلو اور قوس کے ساتھ تعلق میں دونوں فریقوں کو سخت محنت کرنا پڑے گی۔
برج سرطان
burj sartaan
Cancer